اسسٹنٹ کمشنر دروش کی جانب سے تحصیل دروش میں ہر قسم لکڑی کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد

دروش (چ،پ) اسسٹنٹ کمشنر و سب ڈویژنل مجسٹریٹ دروش بلال ناصر کی جانب سے دروش سب ڈویژن میں جنگلاتی مصنوعات کی غیر قانونی کٹائی، ترسیل اور اسمگلنگ کے تدارک کے لیے جنگلاتی مصنوعات کے حصول اور نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور اس کا اطلاق ٹمبر اور جلانے کی لکڑی کے علاوہ دیگر تمام جنگلاتی مصنوعات پر ہوگا، چاہے ان کی ترسیل کسی بھی ذریعے سے کی جا رہی ہو، جن میں گاڑیاں، بیل گاڑیاں یا دیگر ذرائع شامل ہیں۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدام جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم، مقامی باشندوں کو گھریلو استعمال کے لیے محدود مقدار میں جلانے کی لکڑی خود یا بار بردار جانور کے ذریعے لے جانے کی اجازت دی گئی ہے، بشرطیکہ اس کا استعمال تجارتی مقاصد کے لیے نہ ہو اور یہ عمل متعلقہ قوانین و روایتی حقوق کے دائرہ کار میں ہو۔
مزید کہا گیا ہے کہ صرف وہی جنگلاتی مصنوعات نقل و حمل کی مجاز ہوں گی جن کے لیے محکمہ جنگلات کی جانب سے تحریری اجازت اور درست ٹرانزٹ پرمٹ موجود ہو اور انہیں صرف مقررہ روٹس کے ذریعے منتقل کیا جائے۔
حکم نامے کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں ملوث افراد کے خلاف خیبر پختونخوا فاریسٹ آرڈیننس 2002 (ترمیم شدہ 2022)، ویسٹ پاکستان فائر ووڈ اینڈ چارکول ریسٹرکشن ایکٹ 1964 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ استعمال ہونے والی گاڑیاں اور سامان بھی بحقِ سرکار ضبط کیے جائیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر دروش نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے، جبکہ غفلت یا لاپرواہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی جائے گی۔