چترال سکاوٹس کے زیراہتمام اُرسون ویلی میں فری میڈیکل کیمپ، 800 سے زائد افراد مستفید

اشتہارات

چترال (نمائندہ) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) کی خصوصی ہدایت پر چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل ارسلان کی نگرانی میں 142 وِنگ کے زیرِ اہتمام جنوبی لوئر چترال کے انتہائی پسماندہ اور دورافتادہ گاؤں اُرسون میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس سے 800 سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔

میڈیکل کیمپ کے دوران 400 خواتین، 250 بچوں اور 150 مردوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔ علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم اس علاقے میں مریضوں کو معائنہ کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، جبکہ متعدد مریضوں کو مزید تشخیص اور بہتر علاج کے لیے دروش اور چترال ریفر کیا گیا۔

کیمپ میں پاک آرمی کے سینئر ڈاکٹروں کے علاوہ سویلین لیڈی ڈاکٹرز، گائناکالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹس اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر رجمنٹل میڈیکل آفیسر کیپٹن ڈاکٹر انور الحق نے بتایا کہ اُرسون میں میڈیکل کیمپ ماہانہ بنیادوں پر منعقد کیا جاتا ہے، تاہم اس مرتبہ بڑے پیمانے پر کیمپ لگایا گیا، جو بارش نہ ہونے کے باعث علاقے میں مختلف وائرل بیماریوں کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ناگزیر تھا۔

142 وِنگ چترال سکاوٹس کے ایکٹنگ وِنگ کمانڈر میجر عثمان نے کہا کہ وِنگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل وقاص، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) کی ہدایات اور کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کی نگرانی میں علاقے کے مکینوں کی خدمت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپس کے علاوہ بھی مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر علاقے کے عمائدین نے چترال سکاوٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پسماندہ علاقے میں چترال سکاوٹس نہ صرف ان کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ ہر موقع پر ہر قسم کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خراب حالت کے باعث مریضوں کو دروش یا چترال منتقل کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے، ایسے میں ان کی دہلیز پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کسی نعمت سے کم نہیں۔

علاقے کے عمائدین نے میڈیکل کیمپ کے بہترین انتظامات پر وِنگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل وقاص، میجر عثمان، ڈاکٹروں، ایس ایم عتیق الرحمن، جے کیو نیت مراد اور دیگر عملے کی کوششوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔