پانچ سال بعد ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ کے انعقاد پر ڈی ایس او لوئر چترال کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں/صدر آئیڈیل کلب دروش

چترال(چ،پ)آئیڈیل کلب دروش کے صدر کمال عبدالجمیل اور جنرل سیکرٹری عمران احمد نے پانچ سال کے وقفے کے بعد چترال شہر میں ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر قاضی محمد خالد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لوئر چترال کے ساتھ ملکر ایک بہترین ایونٹ کا انعقاد کیا ۔
میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں آئیڈیل کلب دروش کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے کہا کہ چترال میں فٹبال کا جنون پایا جاتا ہے تاہم اس کھیل وہ سرپرستی حاصل نہیں ہوسکی ہے جو کہ اسکا حق ہے،مگر اس سال ڈی ایس او قاضی محمد خالد نے فٹبال کی طرف توجہ دیتے ہوئے چترال شہر کے اندر ایک بہت ہی خوبصورت ایونٹ کا انعقاد کرایا جس میں چترال بھر سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈی ایس او چترال کے مختلف علاقوں میں کھیلوں بالخصوص فٹبال کے پروموشن میں خصوصی دلچسپی کے رہے ہیں اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جوکہ چترال جیسے پسماندہ علاقے کیلئے خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے اس ٹورنمنٹ کے انعقاد میں ڈی ایف اے کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ضلعے میں فٹبال کی ترقی کا دارومدار گورننگ باڈی پر ہوتا ہے، ڈی ایف اے جتنا فعال اور متحرک ہوگی فٹبال کو اتنی ترقی اور کھلاڑیوں کو اچھے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹورنمنٹ کے انعقاد میں ڈی ایف اے لوئر چترال نے مثبت کردار ادا کیا۔