تورکہو روڈ کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر اور مبینہ کرپشن کے خلاف اہلیان تورکہو و تریچ کا زبردست احتجاج

بونی(چ،پ) گذشتہ کئی سالوں سے زیر تعمیر "تورکہو روڈ” کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر اور منظورشدہ فنڈز میں مبینہ کرپشن کے خلاف اہلیان تورکہو اور تریچ نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے ضلع ہیڈکوارٹر بونی تک لانگ مارچ کیا۔
تفصیلات کے مطابق تورکہو تریچ روڈ فورم کے زیراہتمام گذشتہ کئی دنوں سے مقامی سطح پر احتجاج کرنے بعد سینکڑوں کی تعداد میں اہلیان علاقہ نے بونی کی طرف مارچ کیا اور جمعہ کے روز بونی بازار میں ایک زبردست احتجاجی مظاہر ہ منعقد کیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے متعلقہ ٹھیکیدار کو 15 کروڑ روپے پیشگی جاری کئے گئے ہیں جب کہ روڈ پر کوئی کام ہوا نہیں۔
مظاہرین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس روڈ پر کام کا آغاز 2010 میں ہوا تھا مگر ابتک یہ مکمل نہیں ہوا ، انہوں نے الزام لگایا کہ روڈ پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر خرد برد ہوا ہے اور اسمیں محکمہ کے اہلکار، ٹھیکیدار کے علاوہ مبینہ طور پر بعض سیاسی لوگ بھی ملوث ہیں۔
احتجاجی مظاہرین نے ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے بونی شندور روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کرکے احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔
احتجاجی مظاہرین کے ساتھ بات چیت کے لئے ممبر قومی اسمبلی عبدالطیف بھی پہنچے اور مظاہرین سے خطاب کیا۔
آخری اطلاع آنے تک مظاہرین کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ و محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کے درمیان مذاکرات جاری تھے جس میں ایم این اے عبدالطیف اور ڈی پی او اپر چترال بھی موجود ہیں ۔