جنوبی وزیرستان جنڈولا؛ سیکورٹی فورسز نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنا دیا، 10 دہشت گرد ہلا ک کر دئیے گئے

راولپنڈی(چ،پ) جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے جنڈولا میں فتنہ الخوارج کی طرف سے فرنٹئیر کور کے قلعے پر حملے کو ناکام بنادیا اور 10 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر پونے چار بجے خوارجیوں کے ایک گروپ نے خودکش گاڑی سمیت جنوبی وزیرستان کے علاقے جنڈولہ میں فرنٹیئر کور کے قلعے پر حملے کیا۔
ایف سی اہلکاروں نے قلعے کی طرف مشکوک گاڑی آتے دیکھ کر اس کو نشانہ بنایا اور گاڑی دھماکے سے اڑا دی-
سیکورٹی فورسز نے خطرے کا تدارک کر کے فوری کارروائی کی اور 10 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
بنوں میں ناکام حملے کے بعد دشمن یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ کسی اور محاذ پر کامیابی حاصل کر لیں گے، مگر پاک فوج کے جوانوں کی مستعدی اور بہادری نے ان کے ناپاک عزائم ایک بار پھر خاک میں ملا دیے۔