پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر کون ہیں؟
جنید اکبر گذشتہ بیس سالوں سے تحریک انصاف کے ساتھ ہیں

پشاور(و،ڈ)خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدارت کیلئے نامزد جنید اکبر گذشتہ 20 سال سے تحریک انصاف کے ساتھ وابستہ ہیں، 2013 میں انھوں نے پہلی بار الیکشن لڑا اورجیت گئے، تاحال ممبر قومی اسمبلی ہیں۔ جنید اکبرکا شمار پاکستان تحریکِ انصاف کے دیرینہ کارکنان میں ہوتا ہے۔
خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدارت کیلئے نامزد ممبر قومی اسمبلی جنیداکبرکا تعلق ضلع مالاکنڈ کے علاقے تھانہ سے ہے۔ جنید اکبرگذشتہ بیس برس سے پی ٹی آئی کے ساتھ وابستہ ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف سے پہلے وہ کسی بھی سیاسی پارٹی کا حصہ نہیں رہے۔ اُنہوں نے سیاست کا اغاز پی ٹی آئی سے کیا، جنید اکبر سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما لال محمد خان کے رشتےداربھی ہیں۔ جنیداکبر نے پہلی بار2013میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرالیکشن لڑا اورجیت گئے بعد ازاں 2018اور2022کا الیکشن بھی جیتا۔
رکن قومی اسمبلی جنید اکبراورعاطف خان سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے گذشتہ روز بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پورکو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت سے ہٹا کر رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا صدر نامزد کیا۔
واضح رہےکہ گذشتہ روزقومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبربلا مقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی منتخب ہوئے۔ رہنماپاکستان مسلم لیگ (ن) طارق فضل چوہدری نےان کانام تجویزکیا، سینیٹر افنان اللہ نےبھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی۔ تحریک انصاف کی طرف سے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب اورسینیٹ میں اپوزیشن لیڈرشبلی فراز نے بھی جنیداکبرکا نام تجویزکیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جنیداکبر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنے قائد عمران خان کا بے حد مشکور ہوں کہ مجھے صوبائی صدر نامزد کیا،مجھے علی امین، عاطف خان اور شاہ فرمان کے مشورے سے چنا گیا۔
انھوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ میں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز گاؤں کی صدارت سے شروع کیا. مڈل کلاس کا بندہ ہوں اور یہ پوزیشن مجھے محنت کے وجہ سے ملی جس کی مثال دوسرے پارٹیوں میں نہیں ملتی، انشاءاللہ میں عمران خان اور کارکنان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، تمام کارکنان میرے لیے ہمیشہ کی طرح دعا کریں۔