خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نے سیلاب سے متاثرہ سوریچ اپر چترال کادورہ کیا، متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے
چیف سیکرٹری کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور بحالی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی گئی

چترال(چ،پ)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے سیلاب کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اپر چترال کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ گاوں سوریچ میں متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر انکے ہمراہ انسپکٹر جنرل پولیس ، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی اور کمشنر ملاکنڈ اور و دیگر حکام موجود تھے۔ سوریچ میں رکن قومی اسمبلی عبدالطیف نےکمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے ہمراہ چیف سیکرٹری اور دیگر حکام کا استقبال کیا۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سوریچ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔
چیف سیکرٹری کو اپر چترال میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اور امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ اپر چترال میں ایمرجنسی ڈیکلیر کردی گئی ہے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر سمیت ایریگیشن چینل، واٹر سپلائی اسکیم اور روڈز ہنگامی بنیادوں پر بحال کئے جائیں گے۔ اپر چترال ایک جنت نظیر جگہ ہے البتہ قدرتی آفات کی وجہ سے یہ ہرسال متاثر ہوتا ہے، چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ادارے جلد از جلد بحالی کی سرگرمیوں میں کردار ادا کریں اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے غیر سرکاری اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سرکاری اداروں کے ساتھ ملکر بحالی اور امداد کی سرگرمیوں کا مربوط بنائیں۔