ضلع اپر دیر میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ دس سال سے کھٹائی میں پڑا ہے

اشتہارات

پشاور (چ،پ) ضلع اپر دیر میں 10سال قبل 98 کنال خریدی گئی اراضی پر سنٹرل جیل قائم نہیں ہوسکی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ اس منصوبہ کو محکمہ جیل خانہ جات کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ڈسٹرکٹ جیل کی تعمیر کا منصوبہ شروع نہ ہوسکا ہے۔
روزنامہ مشرق پشاور نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صوبائی حکومت نے مالی سال2010ء کے دوران اپر دیر میں ڈسٹرکٹ جیل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس مقصد کیلئے اس وقت گندیگار میں 98کنال اور 16مرلہ زمین کی خریداری کی گئی اور اس پر ڈسٹرکٹ جیل کی تعمیر کیلئے منصوبہ بجٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی لیکن صوبائی حکومت کے پاس 10سال بعد بھی اس منصوبے کیلئے فنڈز موجود نہیں جس کی وجہ سے جیل تعمیر نہیں ہورہا ہے اس صورتحال میں مذکورہ ضلع کے چھوٹے موٹے واقعات میں گرفتار شہریوں کو دوسرے شہروں میں بند رکھا جارہا ہے۔
دور دراز ہونے کے باعث حوالاتی اور قیدی دوسرے شہر وں سے دیر اپر کی ضلع کچہری میں پیشی کیلئے منتقل کرنے میں بھی مشکلات کاسا منا اور سکیورٹی رسک ہے۔