اہم پلوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے، ڈی پی او لوئر چترال
ڈی پی او محمد خالد خان کی چیک پوسٹوں اور گاردات کے انچارجز سے میٹنگ، نفری، اسلحہ اور حفاظتی سامان کی دستیابی یقینی بنانے پر زور

چترال (چ، پ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان نے اہم پلوں اور حساس مقامات پر قائم پولیس چیک پوسٹوں اور گاردات کے انچارجز کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس کے دوران چیکنگ کے نظام، پولیس نفری کی دستیابی اور اہلکاروں کی ڈیوٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او نے تمام انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائیں، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کریں اور دورانِ ڈیوٹی ہر وقت چوکس رہیں۔
انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر تمام پولیس چیک پوسٹوں اور گاردات میں مطلوبہ تعداد میں نفری کی موجودگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اسلحہ، ایمونیشن، ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس کی دستیابی پر بھی زور دیا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ کسی بھی چیک پوسٹ یا گارد میں ضروری سامان یا سہولیات کی کمی کی صورت میں اسے فوری طور پر دور کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ تمام چیک پوسٹوں اور گاردات کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے گا اور کسی قسم کی کمی یا غفلت کی صورت میں متعلقہ انچارج ذمہ دار ہوگا۔
محمد خالد خان نے کہا کہ اہم پلوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔