59

توشی گیم ریزرو میں ایک اور امریکی شہری نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے عوض مارخور کا شکار کیا

چترال(گل حماد فاروقی) چترال کے علاقہ توشی کنزرویشن میں ایک امریکی شہری نے ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر کے عوض مارخور کا کامیاب شکار کیا۔ اس سے پہلے دسمبر کے مہینے میں بھی ایک امریکی شہری نے ایک لاکھ چالیس ہزار امریکی ڈالر کے عوض ہنٹنگ ٹرافی کے تحت مارخور کا شکار کیا تھاجس کا مالیت تقریباً دو کروڑ چالیس لاکھ روپے بنتی ہے۔
ہمار ے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے البرہان ویلیج کنزرویشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شہزادہ امیر حسنات الدین المعروف شہزادہ گل نے بتایا کہ چترال میں مارخور کے ٹرافی ہنٹنگ کیلئے بین الاقوامی سطح پر بولی لگتی ہے اور کامیاب بولی دہندہ کو ٹرافی ہنٹنگ کا لائسنس جاری ہوتا ہے، اس رقم میں 80% فیصد مقامی لوگوں کو دیا جاتا ہے جبکہ205 فی صد سرکاری خزانے میں جمع ہوتا ہے۔ شہزادہ گل نے بتایا کہ کمیونٹی کو ملنے والی رقم سے علاقے کے اندر چھوٹے پیمانے پر ترقیاتی کام کئے جاتے ہیں۔ ہمار ی ٹیم نے بار بار ڈویژنل فارسٹ آفیسر جنگلی حیات محمد ادریس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ اس سلسلے میں ان سے مکمل تفصیل حاصل کرے مگر کوشش بسیار کے باوجود ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ چترال کے مختلف علاقوں میں مارخور پائے جاتے ہیں اور ان کی شکار کیلئے دو سے ڈھائی کروڑ روپے کی ادائیگی پر ٹرافی ہنٹنگ کا لائسنس ملتا ہے جس سے مختلف ترقیاتی کام سرانجام دئے جارہے ہیں۔