159

ایون میں آتشزدگی کے واقعے میں دو بھائیوں کے گھر جل کر خاکستر ہو گئے

چترال(محکم الدین)ایون کے گاؤں درخناندہ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں بارہ کمروں پر مشتمل دو گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کی رات سوا سات بجے درخناندہ ایون میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں دو بھائیوں مدثر شاہ اور انتخاب عالم کے 12کمروں پر مشتمل دو گھر اور گھر میں موجو سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ مقامی لوگ بھرپور کوشش کے باوجود گھروں سے کوئی بھی سامان بچانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ وقوعہ کے وقت گھر کے تمام افراد اپنے کسی رشتے دار کے ہاں شادی پر گئے ہوئے تھے۔ فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی تاہم چترال سے ایون تک کی طویل مسافت اور سڑک کی خراب صورتحال کی وجہ وقت پر نہ پہنچ پائے۔ متاثرہ گھروں کے مالک مدثر شاہ چترال سکاؤٹس اور انتخاب عالم چترال پولیس میں ملازم ہیں جبکہ یہ دونوں گھر کچھ عرصہ پہلے تعمیر ہوئے تھے۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ فوری طور پر مالی تعاؤن کیا جائے تاکہ ان کی مکمل بحالی ممکن ہو سکے۔ ایو ن کے عوامی حلقوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ایون جیسے بڑے علاقے میں اس قسم کے حادثات پر بروقت قابو پانے کیلئے مستقل بنیادوں پر فائر بریگیڈ کا بندوبست کیا جائے۔