افغان شہری بغیر ویزا کے پاکستان نہیں آسکیں گے،اعلامیہ جاری

اسلام آباد(میڈیا ڈیسک ) پاکستان نے افغان شہریوں کیلئے بغیر ویزا کے پاکستان میں داخلے کی سہولت ختم کردی ہے اور افغانیوں کو ائرپورٹ پر ویزا کے اجرا کاعمل بھی روک دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اب پاکستان آنے کے خواہشمند افغان باشندے افغانستان میں قائم پاکستانی سفارتخانوں سے باقاعدہ ویزا حاصل کرنے کے بعد ہی پاکستان آسکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے افغانستان کا نام ویزا آن ارائیول کی فہرست سے نکال دیا ہے اور اس حکومتی فیصلے کے بعد اب افغانیوں کو پاکستانی سفارتخانوں سے ویزا لے کر آنا پڑے گا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر امیگریشن عصمت اللہ جونیجو کا کہنا ہے کہ اب تمام افغانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رجسٹریشن کرانے کے پابند ہونگے۔ افغان شہریوں کی معلومات متعلقہ ڈی پی او اور تھانے کو فراہم کی جائے گی۔
ڈائریکٹر امیگریشن کے مطابق افغان شہریوں کو رجسٹریشن پر پاکستان میں قیام کا پرمٹ جاری کیا جائے گا جبکہ قیام پرمٹ کی واپسی پر ٹریول پرمٹ جاری کیا جائیگا۔