پشاور میں نامعلوم افراد نے چترال سے تعلق رکھنے والے جوانسال طالبعلم کو قتل کردیا،چترالی باشندوں کا احتجاجی مظاہرہ

پشاور(نامہ نگار)پشاور کے علاقے دلہ زاک روڈ میں نامعلوم افراد نے چترال سے تعلق رکھنے والے ایک طالبعلم کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل موڑکہو کے علاقے ’’کشم‘‘ سے تعلق رکھنے والے طالب علم مہراب نبی کو دلہ زاک روڈ میں واقع ایک ہاسٹل کے کمرے میں قتل کر دیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ مقتول طالبعلم مہراب نبی گورنمنٹ کالج پشاور میں زیر تعلیم تھے اور ساتھ ساتھ ایک نجی تعلیمی ادارے میں تدریس کا کام بھی کرتے تھے۔ نامعلوم افراد جوان سال مہراب نبی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ بعد ازاں واقعے کے حوالے سے متعلقہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
درایں اثناء پشاور میں مقیم چترالی باشندوں نے نوجوان مہراب نبی کے قتل کیخلا ف رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی،صادق امین اور مولانا ہدایت الحق و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے مقتول کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کرتے رہے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی وجہ سے چترالی باشندوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہور ہا ہے جو کہ افسوسناک امر ہے ۔ مقررین نے کہا کہ یہ پولیس کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے ۔