چترال میں انڈر 21گیمز کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی، ڈی سی چترال،کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس،اوت ڈی پی اوکی اختتامی تقریب میں شرکت

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس چترال کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا انڈر 21گیمز کے سلسلے میں ضلع چترال اپر اور چترال لوئر کی تحصیل ٹیموں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے گذشتہ روز ہائی سکول چترال کے اسٹیڈئم میں منعقد ہوئے جسمیں سینکڑوں کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ انڈر 21گیمز میں فٹ بال، ولی بال، کبڈی، رشہ کشی، اتھیلنٹکس اور بیٹ منٹن کے مقابلے شامل تھے۔ ضلع چترال میں تحصیل چترال اور تحصیل دروش کی ٹیموں میں مقابلہ ہوا جبکہ اپر چترال میں تحصیل مستوج اور تحصیل موڑکہو کی ٹیموں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان نے انڈر 21گیمز کا افتتاح کیا۔


ضلع چترال(لوئر)کے ایونٹ میں فٹ بال، والی بال، بیڈ منٹن، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں تحصیل چترال نے کامیابی حاصل کی جبکہ کبڈی مقابلے میں تحصیل دروش کی ٹیم نے چترال کو پچھاڑ دیا۔
ضلع اپر چترال کے مقابلوں میں فٹ بال اور ایتھلیٹکس میں تحصیل تورکہو/موڑکہو نے کامیابی حاصل کی جبکہ والی بال، بیڈمنٹن، رسہ کشی اور کبڈی میں تحصیل مستوج نے سبقت لے لی۔


ٹورنمنٹ کے اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل محمد علی ظفر، ڈی پی او چترال وسیم ریاض نے کامیاب کھلاڑیوں میں کپ، ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ کرنل محمد علی ظفر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور منشیات سے دور رہے۔ انہوں نے اپنے ادارے کی جانب سے ہر قسم کی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عبد الرحمت کا کہنا ہے کہ ان مقابلوں کا بنیادی مقصد گراس روٹ لیول پر طلباء اور نوجوان طبقے میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے اور ان کو صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینے اور ان کی تیاری کیلئے آگے لے آنا ہے تاکہ ان کا حوصلہ بڑھ سکے اور وہ اس قسم کے کھیلوں میں حصہ لیکر ملک و قوم کا نام روشن کرے۔ان دلچسپ مقابلوں کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں طلباء کے علاوہ نوجوانوں اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔