کالاش کمیونٹی کے مذہبی تہوار چاوموس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی زیر صدارت اجلاس

چترال (چ،پ) کالاش کمیونٹی کے مذہبی تہوار چاوموس کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، کے وی ڈی اے، متعلقہ محکموں کے افسران اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں چاوموس فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی انتظامات، سیاحوں کے لیے سہولیات، ٹریفک اور پارکنگ پلان، روڈ انفراسٹرکچر، پرائس مانیٹرنگ ڈیسک اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو فیسٹیول کی تیاریوں پر جامع بریفنگ دی گئی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی رہنمائی اور سیکیورٹی کے لیے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کالاش کمیونٹی کی مذہبی روایات کا مکمل احترام کرتی ہے اور چاوموس تہوار کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ خطے میں سیاحت کے فروغ میں مدد مل سکے۔