پشاور میں پاک فوج کے تعاون سے ٹرائیبل یوتھ کنونشن اور سپورٹس گالا کا انعقاد

شرکا نے پی ٹی ایم اور فتنہ الخوارج کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے انکی مذمت کی

اشتہارات

پشاور(چ،پ) پشاور میں ٹرائیبل یوتھ کنونشن اور سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
تقریب میں کور کمانڈر نے نوجوانوں اور طلباء و طالبات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج نوجوانوں اور علاقے کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ کور کمانڈر نے ایونٹس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔
شرکاء نے ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا میں پاک فوج کے غیر متزلزل جذبے و قربانیوں سمیت علاقائی امن و سلامتی میں کلیدی کردار کو مثالی قرار دے کر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
طلباء و طالبات نے مختلف سپورٹس ایونٹس جیسے رسہ کشی ، والی بال ، فٹ بال ، پسٹل شوٹنگ اور دیگر مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے کہا کہ قبائلی عوام پاک فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ طلبہ نے قبائلی علاقوں کے ضم اضلاع میں پاک فوج کی طرف سے تعلیم کے لیے کوششوں کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع کے مشران و نوجوان یک جان ہو کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
شرکاء نے پی ٹی ایم اور فتنہ الخوارج کے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم اور فتنہ الخوارج غیر ملکی اشاروں پر علاقے میں مختلف طریقوں سے انتشار پھیلانے کی مذموم کوششوں میں ہیں، عوام کی اکثریت انکو مسترد کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ضم اضلاع میں پاک فوج کی جانب سے تعلیم و صحت سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر قبائلی عوام پاک فوج کے شکر گزار ہے۔

#chitralpost