جمعہ کے روز دروش میں شٹرڈاون, پہیہ جام ہڑتال اور قومی شاہراہ بند رہے گی/ دروش ایکشن فورم

دروش(چ،پ)بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف دروش میں جاری تحریک کو آگے بڑھاتے ہوئے دروش ایکشن فورم کے ذمہ داران نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ تین دنوں سے دروش میں دھرنا جاری ہے اور اب احتجاجی تحریک میں وسعت لاتے ہوئے جمعہ کے روز بھرپور طاقت کا مظاہر ہ کیا جائے گا۔ دروش میں سیاسی و سماجی راہنماوں کے ایک اجلاس کے بعد عمائدین کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں تفصیلات کے بتاتے ہوئے بجلی کے حوالے سے دروش ایکشن فورم کے کمیٹی کے سربراہ ارشادمکرر نے کہا کہ ناروا لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے عوامی احتجاج میں وسعت لائی جارہی ہے اور اس ضمن میں بالاتفاق یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کے روز دروش میں مکمل شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال اور روڈ بلاک کیا جائےگا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک عوامی مطالبات کے سلسلے میں متعلقہ حکام کی بے رخی کی وجہ سے عوام مزید نالاں ہیں ،عوام اپنے حق کے حصول سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چترال کو 35 میگاواٹ بجلی دینے کی منظوری دی تھی مگر واپڈا والے اپنی من مانی کرتے ہوئے ناروا لوڈ شیڈنگ کے ذریعے عوام کو اشتعال دلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے چترال سے باہر یا چترال کی طرف سفر کرنے والے مظاہرین سے بھی اپیل کی کہ احتجاج کے پیش نظر وہ اپنے سفری شیڈول پر نظرثانی کریں تاکہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
#Chitralpost