انسپکٹر جنرل کے پی پولیس اختر حیات گنڈاپور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چترال پولیس کے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کئے
پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور لگن سے انجام دیں، آئی جی پولیس

چترال (چ،پ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے چترال سٹی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال کے دفتر کا دورہ کیا اور سینئر پولیس افسران کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ میٹنگ میں چترال پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
اس موقع پر پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات گنڈاپور نے کہا کہ چترال ایک خوبصورت علاقہ ہے یہاں پر سیاحت کو فروغ دینے میں سیاحوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ،چترال کے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائے ۔جرائم کی روک تھام اور علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس افسران اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
آئی۔جی۔پی۔نے فیلڈ ورک اور مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہر کرنے والے افسران و جوانان کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔
اس سے پہلے جب آئی جی پولیس ڈی پی او آفس بلچ پہنچے تو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔