پولیس اہلکار فرائض دیانتداری کے ساتھ ادا کریں، ڈی پی او لوئر چترال

پولیس فورس کے سافٹ امیج کو برقرار رکھنا اہلکاروں پر فرض ہے، دربار سے خطاب

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال لوئر کے پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی فرائض منصبی دیانتداری کیساتھ سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم کی طرح کام کرنا چاہیے اور پولیس کے وقار کو برقرار رکھنے کیلئے سائلین کے ساتھ عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں اور چوکیات میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ پولیس اسٹیشن میں محرر تھانہ کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، وہ تھانے آنے والے پریشان حال سائلین کی داد رسی کو اپنی اولین پیشہ وارانہ ذمہ داری سمجھیں۔

انہوں نے کہا جن جوانوں کو کوئی جائز مسئلہ ہو تو وہ ہفتہ وار اردلی روم میں پیش ہوکر اپنا مسلئہ بیان کریں۔دوران ڈیوٹی ہلمٹ اور جیکٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔جوانوں کی تھوڑی سی تکلیف افسران پر نہایت سخت گزرتی ہے، آپ کی معمولی غفلت سے آپ کے خاندان سمیت پوری فورس غمزدہ ہوتی ہے پولیس فرنٹ لائن پر دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے۔ دہشت گرد اپنے بزدلانہ حرکتوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے لیکن ساتھ میں اپنی حفاظت کا خیال بھی رکھنا پڑتا ہے۔ڈی۔پی۔او نے تمام افسروں کو سختی سے ہدایت کہ کہ وہ اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں پر کڑی نظر رکھیں, منشیات فروش کسی بھی قسم کے رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف بھرپور کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے کہا کہ پولیس کے پاس غفلت کی کوئی گنجائش نہیں اور دربار کے شراکاء کو ہدایت کی کہ وہ مستعد اور الرٹ رہ کر اپنے فرائض انجام دیں اور سماج دشمن عناصر کے مزموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بنائیں۔

پولیس دربار میں ایس۔پی انوسٹ گیشن عتیق الرحمن,ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹر احمد عیسی ضلع بھر کے تمام ایس۔ڈی۔پی۔اوز, ایس۔ایچ۔اوز, ڈسٹرکٹ پولیس, ایف آر۔پی,لیڈی کانسٹبلان ,ایلیٹ فورس ,سی۔ٹی۔ڈی,اسپیشل برانچ ،ڈی۔ایس۔بی اسٹاف اور ٹوارزم پولیس کے جوانوں نے شرکت کی۔

دربار میں کثیر تعداد میں ہر رینک کے افسروں و جوانوں نے اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل پیش کئے۔ ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے جوانوں کو درپیش مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کئے۔