تجار یونین لوئر چترال کا ہنگامی اجلاس بغیر مشاورت زبردستی بازاربند کرانے پر برہمی کا اظہار

عوامی احتجاج کی حمایت کرتے ہیں مگر احتجاجی تحریک کے لئے فیصلے مشاورت سے کئے جائیں

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد) تجار یونین لوئر چترال کا ایک ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت بشیر احمد صدر تجار یونین لوئر چترال منعقد ہوا جس میں تجار یونین لوئر چترال کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز کے علاوہ کثیر تعداد میں تاجر برادری نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ گندم کی ریٹ میں ہوشربا اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور تمام دکانداروں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ تاجر برادری نے کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے چترال کے عوام پریشان ہیں، غریب عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی گئی ہے، لہذا تاجر برادری حکومت وقت اور مقتدر حلقوں سے اپیل کرتی ہے کہ چترال کے غریب عوام کیلئے گندم کی قیمت سستا کی جائے۔ احتجاجی مظاہرے میں تجار برادری کی شرکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دکانداروں نے کہا کہ گندم کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ایک عوامی مسئلہ ہے لہذا تجار برادری عوامی نمائندوں کے ساتھ احتجاج میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شٹر ڈاؤن اور دکانوں کو بند کرنے کے حوالے سے تمام شرکاء نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال شٹرڈاؤن اور دکانوں کو بند نہیں کیا جائے گاتاہم دوکاندار حضرات عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوے احتجاج میں ذاتی حیثیت سے بھرپور شرکت کریں گے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ آج کے بعد تجار یونین سے مشاورت کئے بغیر بازار میں دوکانوں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تو احتجاجی مظاہرہ کے منتظمین کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تاہم اگر احتجاج میں چترال کے عوام پرزور انداز میں شرکت کرتی ہے تو پھر تجار یونین باہمی مشاورت کے بعد بازار بند کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔