چترال میں منشیات کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں/ڈی پی او اکرام اللہ کی صحافیوں سے گفتگو

سماج دشمن عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں، صحافی اور پولیس ملکر معاشرے کے تحفظ کیلئے کام کریں گے

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)چترال پریس کلب کے ایک وفد نے صدر ظہیر الدین کی قیادت میں ڈی پی او لوئر چترال اکرام اللہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں ایس پی انوسٹی گیشن محمد ستار خان اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر احمد عیسی بھی موجود تھے۔ صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ صحافت اور پولیس ایک ہی مقصد کے دو ادارے ہیں، پرامن معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائیگا، اس سلسلے میں میڈیا اور پولیس اپنا اپنا بہترین کردار ادا کر کے اپنے فرض کی بہترین ادائیگی کر سکتے ہیں۔ صحافی برادری کی طرف سے یقین دلایا گیاکہ میڈیا سچ کی عملداری میں لوئر چترال پولیس کے شانہ بشانہ ہو گا۔
ڈی پی او لوئر چترال اکرم اللہ نے مزید کہا کہ لوئر چترال پولیس کی اولین ترجیح ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے،کالے شیشے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹر سائیکل، کم سن بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں اور مجرمان اشتہاری کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ لوئر چترال پولیس نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے نقصانات اور خودکشی کیبارے میں آگاہی مہم کابھی آغاز کریں گی۔