کبل دھماکے میں شہید چترال پولیس اہلکاروں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا

نماز جنازہ سول و فوجی افسران، علاقہ عمائدین اور بڑی تعداد میں عوام کی شرکت، شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا

اشتہارات

دروش(چ،پ) چترال پولیس کے دو شہید جوانوں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں کبل سوات کے سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے چترال پولیس کے اہلکاروں فضل رزاق اور خلیل الرحمن کی تدفین آبائی علاقوں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں ادا کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر چترال محمد علی، ڈی پی او اکرام اللہ، چترال سکاؤٹس کے کرنل قیصر رضا، ایس پی انوسٹی گیشن عبدالستار خان سمیت سول، فوجی اور پولیس افسران، مقامی عمائدین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد شہید اہلکار فضل رازق (فخرالدین) کو اوسیک دروش اور خلیل الرحمن کو منور گرم چشمہ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خا ک کیا گیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید سلامی پیش کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال محمد علی نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سیکورٹی اداروں کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جو ہر وقت ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے معروف مذہبی اور سیاسی شخصیت اور جمعیت علماء اسلام چترال کے ضلعی نائب امیر قاری جمال عبدالناصر نے کہا کہ شہادت ایک عظیم مقام ہے، یہ ہر کسی کی قسمت میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور پولیس و دیگر سیکورٹی اداروں نے اس ملک اور قوم کیلئے ہر قسم کی قربانیاں دی ہیں اور انہی کی قربانیوں کی وجہ سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملتے ہیں، چترال سے تعلق رکھنے افواج پاکستان، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے جوانوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کرنے ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مسلح افواج، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے اور ہر قسم قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ مولانا خان شیرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو قوم کے لئے قربانی دینا اعزاز کی بات ہے، بحیثیت مسلمان شہاد ت کو عظیم رتبہ سمجھتے ہیں، ملک کے لئے قربان ہونا فخر ہے۔ ویلج کونسل چیئرمین عبدالقادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اپنے افواج، سیکورٹی اداروں اور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم انکی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یوتھ فورم دروش کے چیئرمین اور پیپلز پارٹی سپورٹس ونگ ضلع چترال کے صدر زبیر علی زیب نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں خدمت اور قربانی کا جذبہ ہے، ہم سب افواج پاکستان، پولیس اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم ہر قدم پر فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا چترال کے جوانوں نے بھی قربانیوں کی مثال قائم کی ہے۔