گورنر نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے8 اکتوبر کی تاریخ دے دی

اشتہارات

 پشاور(و،ڈ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے مشاورت کے بعد صوبے میں عام انتخابات کروانے کی تاریخ دے دی۔گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں الیکشن کی تاریخ دی گئی ہے۔ خط میں گورنر کے پی نے صوبے میں 8 اکتوبر کو انتخابات کی تاریخ تجویز کردی۔ واضح رہے کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے گورنر اور الیکشن کمیشن حکام کی اہم بیٹھک بھی ہوچکی ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے پنجاب اور پختونخوا میں آئینی مدت میں ہی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔
گورنر خیبر پختونخوا کی طرف سے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے خط میں صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیا گیا ہے جبکہ خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بھی الیکشن کمیشن نے 28اکتوبر کو الیکشن منعقد کرانے کی تاریخ دی ہے۔
اُدھر وزیراعظم کے مشیر اور پی پی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آئین نورے روز میں الیکشن کے انعقاد کا کہتا ہے مگر ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ زمینی حقائق کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مردم شماری کا عمل جاری ہے ایسی صورت میں الیکشن کا انعقاد متنازع ہوسکتا ہے۔