خیبر پختونخوا میں بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ، کمشنرز اور ڈی سی تبدیل

اشتہارات

چترال(چ،پ) صوبائی حکومت نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا کی بیوروکریسی اور پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے مختلف اعلامیوں کا اجراء کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز کو تبدیل کرکے نئی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ اسی طرح ایک اور اعلامئیے کے ذریعے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا گیا ہے۔ کئی ایک کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو او ایس ڈی لگادیا گیا ہے۔ اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر محمد علی کو تبدیل کرکے اسے لوئر چترال کا ڈی سی لگادیا گیا ہے جبکہ محمد خالد زمان کو اپر چترال کا ڈی سی لگایا گیا ہے۔
اسی طرح صوبائی پولیس میں ڈی پی اوز کی تبدیلی عمل میں آئی ہے اور متعدد اضلاع کے ڈی پی اوز تبدیل کردئیے گئے ہیں۔ لوئر چترال کے ڈی پی او تبدیل کرکے انکی جگہ اکرام اللہ خان کو تعینات کیا گیا ہے۔ لوئر چترال میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد خان کو کوہستان کا ڈی پی او لگادیا گیا ہے۔