ایون کے مسائل کے حوالے سے ویلج کونسل میں مشاورتی اجلاس، عید گاہ، گرلز کالج اور کالاش ویلیز روڈ کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے

اشتہارات

چترال (محکم الدین) ویلج کونسل ایون ون کے چیئرمین وجیہ الدین کی زیر صدرت وی سی آفس میں ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں وی سی کے جملہ کونسلرز اور عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایون عید گاہ کی تعمیر، زیر تعمیر کالاش ویلیز روڈ کی زمین کے معاوضے اور گرلز ڈگری کالج ایون کی تعمیر میں طویل ترین تاخیر زیر بحث آئے۔ اجلاس میں ایون عیدگاہ کے حوالے سے حاضرین نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ عید گاہ کا منصوبہ تاحال نامکمل ہے، دیواروں کی تعمیر ناقص اورنامکمل ہیں۔ عید گاہ کے شمالا اور جنوبا گیٹ نصب نہیں کئے گئے ہیں، تعمیر شدہ دیوار پر پلستر چڑھایا گیا ہے اورنہ محراب کی طرف دیوار تعمیرکی گئی ہے جبکہ عید الاضحی کیلئے بہت کم وقت رہ گیا ہے۔ اس لئے عید سے پہلے متعلقہ ادارہ اور اصل ٹھیکیدار غلام اللہ سے رابطہ کیا جائے تاکہ باقیماندہ کام کی تکمیل بروقت ہو سکے۔ اجلاس میں کالاش ویلیز روڈ کی تعمیر پر خوشی کا اظہارکیا گیا تاہم روڈ کی زد میں آنے والے زمین مالکان کی طرف سے مارکیٹ ریٹ کیمطابق زرعی زمینات کے معاوضے کے مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے حکومت اور این ایچ اے سے اپیل کی گئی کہ ایون کی زرخیز زرعی زمینات کے عوض موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی کی جائے تاکہ متاثرین کی تسلی و تشفی ہو سکے۔ اس سلسلے میں ایک متفقہ قراداد بھی منظور کی گئی۔
اجلاس کے آخر میں ایون گرلز ڈگری کالج کی تعمیر میں مسلسل تاخیرپر انتہائی افسوس کا اظہارکیا گیا اور حاضرین نے کہا کہ یہ بات تعجب خیز ہے کہ کالج کی تعمیر کا آغاز 2014 میں کیا گیا اور چار دیواری کی نامکمل تعمیر کے بعد کام روک دیا گیا ہے جبکہ اب تک کالج کی تعمیر مکمل ہو کر تدریس کا عمل شروع ہونا چاہیئے تھا لیکن صد افسوس تدریس کجا کالج کی عمارت کیلئے ایک اینٹ بھی نہیں رکھا گیا ہے۔ اب یہ بات سننے میں آرہا ہے کہ زمین ڈبل سٹوری بلڈنگ کیلئے موزون نہیں ہے، اگر دوہری منزل نہیں بن سکتی تو سنگل منزل تعمیر کرکے بچیوں کو تعلیمی محرومی سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دس ویلج کونسلوں کی سینکڑوں بچیان ایچ ای سی، محکمہ ایجوکیشن اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ناقص اور تعلیم کش اقدام کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے اب بھی کالج کی تعمیر کے حوالیسے سنجیدہ قدم اٹھا کر بچیوں کوزیور تعلیم سے بہراورکرنے میں کردار ادا کریں۔اجلاس میں ویلج چیئر مین وجیہ الدین کے علاوہ کونسلر ابو ذرغفاری، کونسلر مولانامحمد امین، کونسلرمجاہد، کسان کونسلر قاری اسرار احمد، یوتھ کونسلرصہیب عمر عمائدین علاقہ حاجی انورولی خان، حاجی عبدالرحمن، حاجی محمد ظفر، حضرت علی، ریٹائرڈ حولدار رحمت اکرام، محب اللہ، قاضی رشید الاعظم، ہدایت اللہ اور سیکرٹری ویلج کونسل آصف وغیرہ موجود تھے۔