رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے/ڈپٹی کمشنر چترال لوئر

اشتہارات


چترال(بشیرحسین آزاد)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد انور الحق کے زیر صدارت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کے بارے میں میٹنگ ہوئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی سی محمد حیات شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ثقلین سلیم سمیت تمام سٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک مفلسوں کی کفالت اور بھوکوں کو کھانا کھلا کر اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا بہترین وسیلہ ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ مخیر افراد اور تجار یونین کے ساتھ ملکر افطار دسترخوان کا بھی اہتمام کرے گی جو اجتماعی افطار کے لیے لگائے جائیں گے۔اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ لوئر چترال عوام کے لیے سستا رمضان بازار لگائے گی جس میں روز مرہ کے استعمال کی اشیاء موزوں نرخوں پر دستیاب ہوں گے اور ضلعی انتظامیہ اس مارکیٹ کی سپروائز کرے گی۔ افطار کے لوازمات کی فروخت کے لیے اس بازار میں عارضی سٹال لگائے جائیں گے جہاں پر پکوڑے، سموسے، چاٹ، شربت اور کھانے پینے کی دیگر اشیا فروخت کی جائیں گی۔یہ سٹال کئی ایسے لوگوں کو روزگار کا موقع بھی فراہم کریں گی جن کے پاس کوئی مستقل کام نہیں۔ احساس راشن کے تحت رجسٹرڈ دوکانداروں کو سستا بازار میں جگہ مہیا کی جائے گی جہاں پر عوام کو سستی اشیاء مہیا ہوں گی۔ اس کے علاوہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے تعاؤن سے رمضان ہیلتھ ریلیف کے تحت اس بازار میں فری ڈسپنسری بھی قائم کی جائے گی جہاں پر نادار عوام کو فری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔