اپر چترا ل میں مسلم لیگ اور جمعیت علماء اسلام کا انتخابی اتحاد، مولانا فتح الباری اور محمد پرویز لال تحصیل چیئرمین کے امیدوار ہونگے

اشتہارات

بونی (نامہ نگار)بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اپر چترال میں باضابطہ طور پر جمعیت علماء اسلام پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے درمیان انتخابی اتحاد کے سلسلے طویل گفت و شنید کے بعد اپر چترال میں انتخابی اتحاد کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ تحریری معاہدہ بھی طے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ذمہ داران کے درمیان مذاکرات بونی میں منعقد ہوئے جس میں جمعیت علماء اسلام کی طرف سے ضلعی امیر مولانا فتح الباری، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن، سابق تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف، سابق ناظم مرزا عالم اور پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے سابق ایم پی اے سید احمد خان، تحصیل چیئرمین کے امیدوار وزیر خان، جنرل سیکرٹری پرنس سلطان الملک، محمد حبیب، ظفر اللہ وغیرہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں طویل گفت و شنید اور مختلف امور پر سیر حاصل بحث و مباحثے کے بعد انتخابی اتحاد کو حتمی شکل دیکر تحریری معاہدہ عمل میں لایا گیااور باہمی اتحاد و اتفاق اور اخلاص کے ساتھ انتخابی مہم کو آگے بڑھاکر دونوں متفقہ امیدواروں کوکامیابی سے ہم کنار کرنے کا عہد کیا گیا اور اتحاد کے مشترکہ امیدواروں کی کامیابی کے لئے مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مذاکرات کے نتیجے میں تشکیل پانے والے انتخابی اتحاد کے فارمولے کے مطابق تحصیل چیئرمین موڑکھو/تورکھو کی نشست کے لیے جمعیت علماء اسلام کی طرف سے نامزد امیدوار مولانا فتح الباری اتحاد کے متفقہ امیدوار ہونگے اور پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار حاجی محمد وزیر خان دستبردار ہونگے جبکہ تحصیل مستوج کے چیئرمین کی نشست کے لئے پاکستان مسلم لیگ کے نامزد امیدوار محمد پرویزلال اتحاد کی طرف سے متفقہ امیدوار ہونگے اور جمعیت علماء اسلام کی طرف سے امیدوار انکے حق میں دستبردار ہونگے۔