عوام موجودہ حکومت سے بد ظن ہو چکے ہیں،تبدیلی کے دعویداروں نے ملک میں مہنگائی بڑھا دیا ہے/قائدین پیپلز پارٹی

اشتہارات


چترال(بشیرحسین آزاد)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی و ضلعی قائدین نے موجودہ حکومت کو ہر سطح پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان آچکا ہے اور عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ اتوار کے روز پاکستان پیپلزپارٹی ملاکنڈڈویژن کے صدربخت بیدارخان،سابق وزیرخزانہ مظفرسید،صوبائی انفارمیشن سیکرٹری سلیم خان،ضلعی صدر لوئرانجینئرفضل ربی جا ن اورضلعی صدر اپرچترال امیراللہ نے درجنوں پارٹی قائدین اور ورکرز کے ہمراہ اتوار کے روز چترال پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی سرکار نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے،مہنگائی اور ناروا ٹیکسوں کے تلے دبی قوم زندگی کی سانسیں گن رہی ہے۔اس وقت عوام کی نظریں پیپلز پارٹی پر لگی ہوئی ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزارداری 27 فروری کے لانگ مارچ سے پہلے چترال کا دورہ کرینگے۔اُنہوں نے کہا کہ ذولفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو چترال کے لوگوں سے خصوصی محبت تھی،چترال کے لوگ احسان فراموش نہیں اپنے محسنوں کو اب بھی یاد کرتے ہیں۔ آنے والی بلدیاتی انتخابات میں چترال کے چاروں تحصیلوں سے پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تحصیل مستوج کے نظامت کے لئے امیر اللہ کا نام فائنل کر دیا گیا دیگر تین تحصیلوں کے ناظمین کے ناموں کا اعلان دس دنوں کے اندر کیا جائے گا اورتمام فیصلے ورکروزکے رائے کے مطابق کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے ہرکسی کے لئے کھلے ہیں،جو بھی ہم سے بلدیاتی انتخابات میں اتحاد کرنا چاہے ہم ان کو خوش آمدید کہیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شہزادہ خالد پرویز کے لئے پی پی پی کے دروازے کھلے ہیں اور جوبھی پی پی پی میں شمولیت کریں ہم اُس کوخوش آمدیدکہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے چارتحصیلوں سے اُمیدوارورکروں سے مشاوارت کے بعد لائے جائیں گے۔ یہاں کے عوام تبدیلی سرکار اور مذہبی جماعتوں سے مایوس ہوچکے ہیں، اب عوام کی نگاہیں صرف پی پی پی کی طرف ہیں۔ موجودہ حکومت نے چترال کے گیس پلانٹس اور دیگر پراجیکٹس کو ختم کرکے یہاں کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا کے دورہ چترال کے موقع پر چترال کے عوام اُن کے جلسے میں نہیں جاتے تھے اُنہوں نے سرکاری ملازمین کوسبزباغ دکھاتے ہوئے فائروڈالاونس 45سے بڑھاکر100روپے کرنے کااعلان کا وعدہ کرکے سرکاری ملازمین کو اپنے جلسے میں بلایا لیکن بعدمیں اُنہوں نے آٹھ ہزارسے بڑھانے کے بجائے کم کرکے پانچ ہزار کردیاہے جو کہ پی پی پی کے دورحکومت میں بڑھایا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے لیکن پاکستان روزانہ کی بنیادوں پراضافہ کیاجاتاہے۔عوام مہنگائی کی وجہ سے فاقوں میں مبتلا ہو گئے ۔اٹا،گھی اور دیگر اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کیا گیا ہے۔یوریا کی قیمت بھی بڑھائی گئی ہے اور مارکیٹ سے غائب کیا گیا۔