ریشن بازار سے سیلابی ملبہ ہٹایا جائے، بحالی کے کاموں میں سست روی افسوسناک ہے/ابو للیث رامداسی

اشتہارات

چترال(محکم الدین)پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما اور ریشن کے سماجی شخصیت ابواللیث رمداسی نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ریشن بازار سے سیلابی ملبہ فوری ہٹا کر عوام کو مشکلات سے نجات دلائی جائے کیونکہ گاڑیوں کی آمدورفت کی وجہ سے بازار ریشن میں پھیلی سیلابی ملبے کے اڑتی دھول اور گرد غبار نے بڑی آبادی کو مکمل طور پر بیمار بنا دیا ہے اور کئی لوگ گرد و غبار کے باعث الرجی اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاکہ سیلاب کے بعد ریشن پل کی بحالی اگرچہ خوش آئند ہے مگر اس کے علاوہ بھی بہت مسائل ہیں جن پرتاحال ہوتا نظر نہیں آرہا۔ لوگوں کو پینے کاپانی دستیاب نہیں، سیلابی ملبہ روڈ پر بدستور موجود ہے جس نے اطراف کے تمام گاؤں سمیت مقامی دکانداروں شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے مگر ملبہ کی صفائی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کا کوئی اتہ پتہ نہیں، ایم اینڈ آر کا تین کروڑ فنڈ ٹینڈر ہوچکا ہے اس میں سے 80لاکھ روپے ٹھیکیدار کو ادائیگی بھی ہو چکی ہے، وہ کام کہیں نظر نہیں آرہے۔ سیلاب متاثرین کو مکانات کے لئے ایک ایک لاکھ روپے امدادی چیک کے سوا کچھ نہیں دیا گیا جبکہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ ایک لاکھ روپے میں وہ اپنے گھر کے اخراجات کے ساتھ مکانات کی دوبارہ تعمیر کس طرح کریں گے اور گھر کے سامان جو سیلاب برد ہو چکے ہیں کیسے خریدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریشن کو مستقبل میں بھی خطرات درپیش ہیں اس لئے ریشن گول کے دونوں طرف حفاظتی پشتے تعمیر کئے جائیں اور متاثرہ زمینات سرکاری مشینری کے ذریعے دوبارہ آباد کئے جائیں تاکہ لوگ دوبارہ اپنے پاوں کھڑا ہو سکیں۔