پاکستان تحریک انصاف اپر چترال نے تحصیل گورننگ باڈی کا حالیہ نوٹیفکیشن مسترد کردیا، جنرل سیکرٹری کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری

اشتہارات

بونی (سرفراز شاہد) پی ٹی آئی اپر چترال کے ایک اہم اجلاس میں پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری کی طرف سے حال ہی میں تحصیل گورننگ باڈی کی تشکیل کے سلسلے میں جاری کردہ اعلامیے کو مسترد کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات سید مختار علی شاہ کی طرف سے میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کے ضلعی کابینہ اور دونوں تحصیلوں کے کابینہ کا مشترکہ اجلاس گذشتہ روز بونی میں منعقد ہوا جسکی صدارت ضلعی صدر رحمت غازی نے کی۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ اپر چترال کے ضلعی کابینہ نے اکثریت رائے سے 15جون 2020کو اپر چترال کے دونوں تحصیلوں مستوج اور موڑکہو/تورکہو کے لئے گورننگ باڈی تشکیل دیکر اسکا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اسکی ایک کاپی برائے اطلاع ریجن کے صدر اور جنرل سیکرٹری کو بھیج کر انکے جواب کا انتظار تھا، تحصیل کابینہ کی تشکیل کا اختیار بھی ضلعی صدر اور کابینہ کو حاصل ہے۔ تاہم کچھ روز قبل جنرل سیکرٹری ملاکنڈ کی منظوری سے اپر چترال کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے ایک غیر قانونی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جسکی ہم مکمل مذمت کرتے ہیں ا ور اسے مسترد کرتے ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ضلعی کابینہ کی طرف سے 15جون کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن کی توثیق کی جائے اور حال ہی میں جاری ہونے والا نوٹیفیکیشن منسوخ کیا جائے تاکہ کارکنان کے درمیان ابہام کا خاتمہ ہو۔
اجلاس میں مشاورت کے بعد ضلعی گورننگ باڈی کے جنرل سیکرٹری اور دیگر دو ممبران کو مسلسل چار اجلاس میں عدم شرکت کی وجہ سے اور جنرل سیکرٹری کی طرف سے حال ہی میں صدر کی منظوری کے بغیر اپنی طرف سے اعلامیہ جاری کرکے پارٹی کے امیج کو خراب کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔