پہلا چترال اوپن شطرنج ٹورنمنٹ کا آغاز، ٹورنمنٹ میں 52کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی)چترال میں پہلی مرتبہ شطرنج ٹورنمنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں پچاس سے زیادہ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چتر ال شطرنج کلب اور صوابی شطرنج کلب کے اشتراک سے پہلی مرتبہ ”چترال اوپن شطرنج ٹورنمنٹ“ کا آغاز گذشتہ روز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد نے صدارت کی۔ بادشاہوں کا کھیل شطرنج سویس سسٹم کے تحت چترال میں نو رونڈ پر مشتمل ہوگا۔ اس ٹورنمنٹ میں ملک بھر سے 52 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جو بین الاقوامی سطح پر کھیل چکے ہیں۔ اس ٹورنمنٹ میں چار راؤنڈ پہلے دن مکمل ہوئے جبکہ اختتامی تقریبات تک پانچ مزید پانچ راؤنڈز مکمل کئے جائیں گے۔ سردار گوہر کے مطابق جب فائنل راؤنڈ میں چیمپئن کا فیصلہ ہوگا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اخونزادہ عبد الرحمت نے کہا کہ ضلعی سپورٹس دفتر ایسے تمام کھیل کود کو ترویج دینے کیلئے کوشاں ہے جو نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچاکر مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھیں۔

اس ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والے ایک مقامی کھلاڑی عظیم الدین کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے پچپن سالوں سے شطرنج کھیل رہے ہیں اور وہ نہ صرف خود یہ بادشاہوں کا کھیل کھیلتے ہیں بلکہ گھر کے دیگر افراد بھی آپس میں مل بیٹھ کر شطرنج کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو ہمارا آپس کا یہ کھیل عجیب لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں ٹیلنٹ بہت ہے مگر اس کھیل کو ابھی تک حکومت کی سرپرستی حاصل نہیں ہے، ہم نے چترال میں کرائے کا ایک کمرہ پکڑا ہوا ہے اور اس میں بیٹھ کر شطرنج کھیلتے ہیں۔ اس ٹورنمنٹ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والا ایک ایسا ضعیف العمر کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں جن کی عمر 82 سال ہے اور وہ اتنی دور سے اس لئے آیا کہ چترال کے نوجوانوں کا حوصلہ افزائی کرسکے اور ان کو اس بادشاہوں کی کھیل کی طرف راغب کرے۔