137

کورونا وبا کے خلاف جنگ کے سو دن مکمل ہونے پر ڈی سی آفس چترال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا

چترال(چ،پ)کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے100 دن پورے ہونے پر ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے ہفتے کے روز ”عزم و ہمت کے 100 دن“کے نام سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خصوصی ہدایت پر کورونا وباء سے نمٹنے کی جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات انجا م دینے سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی کے افراد کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے اور انکی حوصلہ افزائی کی غرض سے لوئر چترال کی ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ روز ڈی سی آفس میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے ذمہ داران میں تعریفی اسناد تقسیم کرکے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد نے کہا کہ چترال میں اس عالمی وباء کے ساتھ کشمکش میں پولیس، لیویز، سکاؤٹس کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی تنظیموں نے بھرپور تعاؤن کا مظاہرہ کیا اور اس مہلک بیماری کو چترال سے دور رکھا۔ اُنہوں نے سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی تنظیمات اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او وسیم ریاض، اے سی چترال عبدالولی خان، الحاج عیدالحسین، قاضی نسیم اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں اے ڈی سی حیات شاہ، ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد، اے سی ریونیو شہزاد، ایم ایس ڈاکٹر محمد شمیم، سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں سجاد، عبدالطیف اور دوسرے موجود تھے۔