وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ نے جنجریت کوہ روڈ کے تعمیر اتی منصوبے کا افتتاح کردیا

اشتہارات

چترال(محکم الدین)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ نے جنجریت کوہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا ہے کہ ملک میں سنگین حالات کے باوجود وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی چترال کی ترقی میں دلچسپی اُن کی چترال کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار ہے۔وزیر اعلیٰ چترال کوترقی یافتہ اور خوشحالضلع دیکھنا چاہتے ہیں اور اسی جذبے کے تحت چترال کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر زادوہ نے کہا کہ جنجریت کوہ تاریخی اہمیت کا حامل علاقہ ہے جس میں کالاش قبیلے کے قدیم ٹمپلز اور آثار بڑی تعداد میں موجود ہیں اور جغرافیائی و سیاحتی لحاظ سے یہ خاص مقام رکھتا ہے اس لئے اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف یہاں کے مقامی باشندوں کو آمدورفت میں سہولت ہوگی بلکہ سیاحت کو فروغ ملے گا، اور سیاحتی آمدنی لوگوں کیلئے روزگار کا ذریعہ بنے گا جس سے لوگوں کی زندگی میں غیر معمولی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر مرتبہ چترال کو ترجیح دی اور دو مرتبہ چترال سے مخصوص نشست پر نہ صرف ایم پی ایز منتخب کئے بلکہ صوبائی کابینہ میں شامل کرکے چترال کے لوگوں کو عزت دی اور خدمت کا موقع فراہم کیا جو کہ اس پارٹی کی طرف سے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کیلئے اقدامات کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ہزاروں غریب خاندانوں کو چترال میں معاشی سپورٹ دی گئی ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران اس امداد سے لوگوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ اب احساس لیبر سپورٹ کے تحت دیہاڑی دار طبقے کی مدد کرنے کا منصوبہ جاری ہے، اس ذریعے سے بھی مزدور طبقے کو معاشی طور پر مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ارندو روڈ کا سروے عنقریب کیا جائے گا، اس روڈکی تعمیر سے مقامی لوگوں کی زندگیوں پر بہت مثبت اثرات چھوڑے گا۔ وزیر زادہ نے کہا کہ کورونا وائرس نے ملک گیر سطح پر متاثر کیا ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی ہر ممکن مدد کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھا رہے ہیں جن سے لوگ براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔
یاد رہے کہ جنجریت کوہ روڈ کی تعمیر کے لئے 16کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔