چترال لوئر میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل مکمل،لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)لوئر چترال میں پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل مکمل، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے لانچنگ کی تقریب گذشتہ روز ڈسٹرکٹ اسمبلی چترال میں منعقد ہوئی جسمیں وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال نویداحمد، کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل علی ظفر اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیات شاہ بھی موجو دتھے۔ اس موقع پر تقریب سے وزیر زاہ، ڈی سی چترال اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے خطاب کرتے ہوئے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے 800جوانوں کو ان کے فرائض اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی وژن کے مطابق اس ٹاسک فورس کا مقصد کورونا وائرس کے اس عالمی وبا ء کے دوران عوام میں آگہی پھیلانے کیساتھ ساتھ گراس روٹ لیول پر عوام کی خدمت کرنا ہے تاکہ کوئی افراتفری کی صورت حال پیدا نہ ہو اور عوام اس گران ذمہ داری کو اٹھانے کے قابل ہوسکیں۔ انہوں نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں پر زور دیاکہ وہ ایک جذبے اور مشن کے ساتھ اس مشکل کام کا بیڑا ٹھانے کے لئے خود آگے آئے ہیں اور وہ اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو انجام دینے میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو ہروقت اپنے سامنے رکھیں اور کسی بھی طور پر تعصب، تنگ نظری سے اپنے دامن کو بچاتے ہوئے سیاسی وابستگیوں سے مکمل طور پر بالا تر ہوکر خدمت کریں۔ انہوں نے لوئرچترال کی ضلعی انتظامیہ، پولیس، لیوی فورس اور چترال سکاوٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس مشکل وقت میں انہوں نے بہت ہی تندہی، دیانت داری اور لگن سے کام کرکے اس مہلک وائرس کو ضلعے سے دور رکھنے میں اہم کردار اداکیا۔ کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل علی ظفر نے کہاکہ اس وقت ہم کورونا وائرس کی عالمی وباء کے حوالے سے ایک فیز سے دوسرے فیز میں داخل ہورہے ہیں جس میں ہم لاک ڈاؤن میں نرمی لانے جارہے ہیں لیکن اسی لمحے احتیاط اور انتہائی ذمہ دارانہ روئیے کا ثبوت بھی دینا ہے جبکہ ٹائیگر فورس کے رضاکار اس گھڑی میں بہت ہی ضروری نوعیت کی ذمہ داری سرانجام دینے آگے آئے ہیں۔ انہوں نے چترالی عوام کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان حالات میں مکمل طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے چترال ملاکنڈ ڈویژن کے دوسرے اضلاع کے برعکس اس مہلک وائرس سے اب تک محفوظ ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ٹاسک فورس میں شمولیت کا مقصد رضاکاروں کے نزدیک اتھارٹی یا کوئی اور دنیاوی مقصد نہیں ہونا چاہئے بلکہ وہ اسے ایک خدمت خلق سمجھ کر اس کے فرائض ادا کرتے رہیں جوکہ ان کے قیامت کو سنوارنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔ رضاکاروں کو ان کہ ذمہ داروں کی نوعیت سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی۔ سی لوئر چترال نوید احمد نے کہاکہ انہیں اس ہفتے کے اندر حکومت کی طرف سے خصوصی کارڈ جاری کئے جائیں گے جس کے بعد ان کی ذمہ داریوں کے حلقہ بھی تفویض کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹائیگر فورس کے ایس اوپیز (SOPs) کے مطابق رضاکاروں کا کام صرف اور صرف پبلک سروس ہے جبکہ وہ اپنی ذمہ داری کی انجام دہی کے دوران کسی قوت کا استعمال نہیں کرسکیں گے اور وہ صرف لوگوں کو ترغیب اور انہیں آگاہی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک غیر سیاسی ٹاسک فورس ہے جس میں کوئی بھی اپنی سیاسی وابستگی کو ظاہر نہیں کرسکتا اور نہ ہی اپنے آپ کو سرکاری ملازم یا اہلکار ظاہر کرسکتا ہے اور نہ ہی پبلک سرونٹس کے ساتھ تکرار اور نہ ہی کار سرکار میں مداخلت کرنے کا مجاز ہوگا۔انہوں نے کہاکہ قرنطینہ سنٹروں کے احاطے میں وہ نان ٹیکنیکل کام سرانجام دے سکتے ہیں اور اگر کوئی این جی او راشن تقسیم کرے تو اس کی گھر گھر رسائی کو یقینی بنانا بھی ان کاکام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنے والے رضاکاروں کو فوری طور پر فارغ کئے جائیں گے۔