اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے چترال ابتک کورونا سے محفوظ ہے،عوام حکومتی احکامات پر عملدرآمدمیں تعاؤن جاری رکھیں /کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود

اشتہارات

چترال(محکم الدین)کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود نے کہا ہے کہ اللہ پاک کی مہربانی، عوام چترال کے تعاؤن اور ڈپٹی کمشنر چترال اور انتظامیہ کے دیگر آفیسران کی بھر پور کوششوں کے نتیجے میں چترال اب تک کورونا وائرس سے محفوظ ہے۔ میری تمام عوام سے پُر زور اپیل ہے کہ حکومتی ہدایات اور احکامات پر سختی سے عمل کریں جس طرح اب تک کرتے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز چترال میں قرنطینہ مراکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان بھی موجود تھے۔ کمشنر نے کہاکہ چترال پسماندہ اور غریب علاقہ ہے، اگر کسی بھی قسم کی کوتاہی کی وجہ سے یہاں خدانخواستہ کوئی کیس ہوا تو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں کورونا وائرس نے تباہی مچا دی ہے اور لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں جن کو اُٹھانے والا کوئی نہیں، اس سے سبق حاصل کرکے احتیاطی تدابیر میں غفلت نہیں کرنی چاہیے۔

ریاض محسود نے کہا کہ چائنا نے اگر کورونا پر قابو پایا ہے تو وہ احتیاطی تدابیر اور احکامات پر عملدر آمد کا نتیجہ ہے جو کہ ہمارے لئے سبق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چترال میں بہت ڈسپلن دیکھ رہا ہوں،یہاں عوام اور انتظامیہ ایک پیج ہیں۔ انشا ء اللہ یہی تعاون جاری رہا تو یہاں کورونا وائرس نہیں آئے گا اور اب تک اس ضلع کا کورونا فری رہنا اللہ کی مہربانی اور چترال کے لوگوں کے نظم و ضبط کی مر ہون ہے۔ انہوں نے کہا کہ قریبی ضلع دیر میں کئی کیس سامنے آئے ہیں اور لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں اس لئے چترال کے لوگوں کی غفلت بڑے پیمانے پر نقصانات کا موجب بن سکتا ہے۔ کمشنر نے عوام چترال سے اپیل کی کہ جو عناصر حکومتی احکامات و ہدایات پر عمل کرنے سے روک رہے ہیں اُن کی باتوں میں نہ آئیں اور اپنی و دوسروں کی جان بچانے کیلئے ہدایات پر بدستور عمل کریں۔ قبل ازین کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود نے مختلف قرنطینہ مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے قرنطینہ میں رہائش پذیر افراد سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا جس پر قیام پذیر افراد نے مجموعی طور پر انتظامات کے سلسلے میں اطمینان کا اظہار کیا تاہم کچھ مسائل کی بھی نشاندہی کی گئی جنہیں فوری طور پر حل کرنے کیلئے کمشنر نے احکامات دیے۔
چترال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود نے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن اور ڈپٹی کمشنر چترال (لوئر) نوید احمد کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے منظر عام پر آنے کے حوالے سے بتایا کہ ایم پی اے نے غیر قانونی کام کیا ہے، کسی کے اجازت کے بغیر فون ریکارڈ کرنا اور پھر اسے سوشل میڈیا پر وائرل کرنا غیرشائستہ اور غیرقانونی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم پی اے کے خلاف باضابطہ طور پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، اسپیکر صوبائی اسمبلی، اپوزیشن لیڈر اور چیف سیکرٹری کو خط ارسال کر رہے ہیں اور اس بابت ایف آئی اے کو بھی شکایت درج کی جائے گی۔