ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ڈی پی او اور چترال سکاؤٹس کے کرنل عابد کے ہمراہ بریپ اور بانگ کے قرنطینہ مراکز کا دورہ کیا

اشتہارات

بونی (چ،پ) ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے ڈی پی او اپر چترال ذوالفقار تنولی اور چترال سکاؤٹس کے کرنل عابد کے ہمراہ بانگ اور بریپ میں قائم قرنطینہ مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسماعیلیہ کونسل اپر چترال کے صدر بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران اعلیٰ افسران نے قرنطینہ مراکز (عافیت گاہوں) میں موجود لوگوں سے ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ قرنطینہ مراکز میں موجود لوگوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہ سعود نے کہا کہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے نہ صرف اپنی حفاظت کا خیال رکھیں بلکہ اپنے عزیزو اقارب کے تحفظ کی اہمیت کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔ انہوں نے صورتحال کی نزاکت کے بارے میں جامع انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات اجازت نہیں دیتے کہ قرنطینہ مراکز میں موجو دتمام افراد کو گھروں کو بھیج دیں۔انہوں نے کہا احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم خود کو اور اپنے پیاروں کو اس وباء سے بچا سکتے ہیں اور اسی مقصد کے لئے قرنطینہ مراکز(عافیت گاہیں) قائم کی گئی ہیں، اس وباء سے نجات حاصل کرنے کیلئے احتیاط کے طور پر آپ لوگ کچھ دنوں کیلئے یہاں قیام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکارکی طرف سے اس وباء سے نمٹنے کے لئے جو ہدایات مل رہی ہیں ان پر عمل کریں۔


اس موقع پر کرنل عابد اور ڈی پی او ذوالفقار تنولی نے بھی قرنطینہ مراکز میں رہائش پذیر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان مراکز میں سرکار کی طرف سے انہیں سہولیات پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہیں اور اس وقت سب سے اہم مقصد اس وباء سے موثر انداز میں نمٹنا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو تلقین کی کہ چند دنوں کے لئے وہ قرنطینہ مراکز میں رہیں۔