پاک فوج کی طرف سے ملاکنڈ ڈویژن کے طلبا کیلئے دورہ چترال کا اہتمام کیا گیا

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجرجنرل محمد اعجاز مرزا کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے ملاکنڈ ڈویژن کی مختلف یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات کو چترال کا تین روزہ دورہ کرایا۔طلباء کے وفد میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ،یونیورسٹی آف سوات اور سیدو میڈیکل کالج کے طلباء وطالبات شامل تھے۔چترال پہنچنے پر چترال سکاؤٹس کے کمانڈنٹ نے وفد کے اراکین کو روایتی چترالی ٹوپی (پکھوڑ) پہنا کر ان کا استقبال کیا۔اس دورے میں طلباء وطالبات وادی کیلاش بھی گئے جہاں اُنہوں نے کالاش کے ثقافتی رنگوں سے مزین چموس فیسٹیول کا مشاہدہ کیا اور کالاش قبیلے کے تاریخی قبرستان کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر جی او سی ملاکنڈڈویژن میجر جنرل محمداعجاز مرزا بھی موجودتھے۔

جی او سی نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں بہت خوبصورت جگہیں ہیں جہاں پر ہم سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ مختلف یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات اور ملک سے آئے ہوئے سیاح چموس فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات کے ساتھ ساتھ علاقائی میوزک اور رقص سے بھی خوب محظوظ ہوئے۔جی او سی طلباء وطالبات،سیاحوں،صحافیوں اور مقامی کمیونیٹی میں گھل مل گئے۔وفد نے پاک فوج کی طرف سے اس دورے کے اہتمام کو خوش آئند قراردیتے ہوئے جی او سی ملاکنڈ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پاک آرمی کی جانب سے ایسے مواقع فراہم کرنا طلباء و طالبات کے لیے ایک انتہائی مثبت اقدا م ہے جس سے ہمیں بالخصوص چترال کے کلچر کے بارے میں بہتر آگاہی ملی ہے۔پاک فوج کے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے اُنہوں نے جی اوسی سے کہا کہ آپ نے نوجوانوں کا دل جیت لیاہے۔اس دورے کے دوران طلباء وطالبات کو چترال میوزیم اور ایف سی پی ایس سمیت چترال دروش اور کالاش کے مختلف حصوں میں جانے کا موقع بھی ملا۔