حکومت چترال گیس پلانٹس منصوبے پر عملدرآمد تیز کرے۔نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کے سیکرٹری اطلاعات اور پارٹی ترجمان نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی گذشتہ حکومت کی طرف سے چترال کے لئے منظور شدہ گیس پلانٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ایک اخباری بیان میں نیا ز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ سابق مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی طرف سے منظور شدہ چترال ایون اور دروش گیس پلانٹس کے قیام کے سلسلے میں نئی حکومت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان پلانٹس کی تعمیر کا کام تیز کرے۔اُنہوں نے کہا ا س سلسلے میں سپریم کورٹ نے بھی حکم جاری کیا ہے اور صوبائی حکومت نے SNGPLکے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے لیکن موقع پر کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔نیازاے نیازی ایڈوکیٹ نے سوئی نادرن گیس کمپنی پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ان پلانٹس کی تنصیب کے کام کو تیز کرے۔