وزیراعظم کا پشاور میں قبائلی گرینڈ جرگہ؛ پختون عوام کے امن و ترقی کا عزم /تحریر: رامین رعنا مروت

اشتہارات

3 جون 2025 کو وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خیبر پختونخوا کے قبائلی عمائدین سے ایک تاریخی گرینڈ جرگے میں خطاب کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، اور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان بھی موجود تھے۔ پشاور آمد پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

گرینڈ جرگے سے خطاب میں وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پختون قوم نے قیامِ امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو قومی تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم آپ کے حوصلے، عزم اور ایثار کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے قبائلی عمائدین سے اپیل کی کہ وہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۂ خوارج کی سازشوں کو ناکام بنانے میں ریاستی اداروں کا بھرپور ساتھ دیں اور اس گمراہ کن بیانیے کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا، ہم خیبر پختونخوا میں امن کی ہر قیمت پر حفاظت کریں گے اور ریاستی ادارے اور قوم مل کر دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے افغانستان سے بہتر تعلقات کی ضرورت پر زور دیا اور افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے انہیں ملک میں ترقی، امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا خیرمقدم کرتے ہوئے گرینڈ جرگے کو ایک بروقت اور اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیاب تکمیل پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے پشاور کینٹ کے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہیں آرمی چیف اور کور کمانڈر پشاور نے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے این ایف سی ایوارڈ پر نظرِ ثانی، خیبر پختونخوا کے لیے خصوصی فنڈز کی فراہمی، اور قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا، جس سے علاقے کی ترقی اور استحکام میں مدد ملے گی۔